ہمارے پروجیکٹس

مسجد ایک مسلم معاشرے کی دینی و روحانی ضروریات کی تکمیل کےلیے بہت اہم بلکہ ناگزیر ہوتی ہے، مسجد کے بغیر پرامن معاشرے کا قیام ناممکن ہے۔ الاصلاح اسلامک سینٹر کے گراؤنڈفلور پر ایک ماڈل مسجد بنائی جا رہی ہے، جو نہ صرف علاقے کے بچوں، جوانوں، بوڑھوں اور مرد وخواتین کےلیے منارہ نور ثابت ہوگی، بلکہ اس کے زیر انتظام ایسے کورسز کا اجراء کیا جائے گا جو پوری دنیا کو الحاد وگمراہی کے اندھیروں سے نکالنے کا باعث ہونگے۔ باذن اللہ، اس مسجد سے نکلنے والی روشنی چونکہ صرف مقامی سطح پر نہیں، بلکہ عالمی لیول تک پھیلنے والی ہے، لہٰذا اس کی تعمیر میں حصہ لینا خصوصی اجر وثواب کا باعث ہوگا۔ ان شاءاللہ

دور جدید نت نئے مسائل کی آماج گاہ ہے، جن کا شرعی حل ڈھونڈنے کےلیے ایسے قابل افراد کی تیاری نہایت ضروری ہے جو نہ صرف شرعی علوم میں مہارت رکھتے ہوں بلکہ زمانے کی اُفتاد سے بھی واقف ہوں کہ فقہ الواقع کو بروئے کار لاتے ہوئے مسائل کا بہترین اور جامع شرعی حل سامنے لائیں۔ ایسے رجال کار کو تیار کرنے اور ٹیم ورک کےلیے میدان عمل میں لانے کی خاطر الاصلاح اسلامک سینٹر کے فرسٹ فلور پر ایک ریسرچ سینٹر قائم کیا جا رہا ہے، جو وسیع لائبریری کے ساتھ ساتھ ماڈرن ٹولز سے مزین ہوگا۔ یہ سلسلہ موجودہ اور آئندہ زمانے کے اہل حق کی بنیادی ضرورت ہے، اس میں معاونت ایسی چابی ہے جو آپ کےلیے خیر کے دروازے کھولے گی۔ ان شاءاللہ

اصلاح میڈیا کئی سال سے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر قرآن وسنت کی دعوت کو عام کرنے کے ساتھ ساتھ میڈیا پر ابھرنے والے گمراہ کن افکار کی تردید میں پیش پیش ہے۔ اللہ کے فضل سے اس ہماری دعوت سے بےشمار لوگ ہدایت پا چکے ہیں، لیکن یہ کام ابھی تک محدود پیمانے پر ہی کیا جا سکا ہے۔ الاصلاح اسلامک سینٹر ایک کنال رقبے پر مشتمل بیسمینٹ فلور میں ایک جدید اور منفرد میڈیا سینٹر قائم کرنے جا رہا ہے، جہاں سے پوری دنیا میں اسلام کی خالص دعوت عصر حاضر کے تقاضوں کے مطابق پیش کی جائے گی۔ اس سلسلے میں تعاون ایسا صدقہ جاریہ ہوگا، جس کی جڑیں پوری دنیا میں پھیلی ہوئی ہونگی۔ ان شاءاللہ

دنیا گلوبل ویلیج بن چکی ہے، آن لائن سسٹم نے ہر شعبے میں اپنا لوہا منوا لیا ہے، تدریسی میدان بھی اس انقلاب سے ہم آہنگ ہوا ہے۔ بہت سے عالمی اداروں نے بھی آن لائن تعلیم شروع کر دی ہے۔ زمانے کے قدم سے قدم ملاتے ہوئے ہم نے روایتی دینی تعلیم کو آ ن لائن سسٹم پر منتقل کرنے کی کوشش کی، جو الحمدللہ کامیاب ہوئی، چند سال پہلے ورچوئل اسلامک یونیورسٹی کے نام سے شروع کیا جانے والا آن لائن مدرسہ اب تنآور درخت کی صورت اختیار کر گیا ہے اور دنیا بھر سے تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے مرد وخواتین دینی علمی پیاس بلامعاوضہ بجھا رہے ہیں، الاصلاح اسلامک سینٹر کا سیکینڈ فلور اسی سلسلے کےلیے مختص ہے، لہٰذا اس مبارک کام کی سہولت کاری آپ کےلیے پوری دنیا میں پھیلا ہوا صدقہ جاریہ ہوگا۔ ان شاءاللہ